Pages

Tuesday, November 21, 2017

ڈاکٹر وزیر آغا

"ڈاکٹر وزیر آغا "


  آج اردو کے مشہور نقاد شاعر انشائیہ نگار" ڈاکٹر وزیر آغا" کی برسی ھے ۔
وکیپیڈیا سے

 اردو کے مشہور نقاد شاعر انشائیہ نگار۔
پیدائش18مئی 1922ء
۔۔انتقال 8 ستمبر2010

  • فہرست

  • 1 ابتدائی زندگی
  • 2 صحافت
  • 3 تحقیقی مقالے اور ان پر لکھی جانے والی کتابیں

  • ابتدائی زندگی

ڈاکٹر وزیر آغاکی پیدائش 18مئی 1922ء کو سر گودھا میں ہوئی تھی اور انہوں نے 1943 ء میں گورنمنٹ کالج لاہو ر سے معاشیات میں ایم اے کیا تھا۔ پی ایچ ڈی کی ڈگری انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے 1956ء میں حاصل کی۔ اپنی ادبی صحافت کا آغاز انہوں نے ادبی دنیا لاہو ر کے جوائنٹ ایڈیٹیر کی حیثیت سے 1960ء میں کیا تھا پھر انہوں نے لاہور سے اپنا سہ ماہی رسالہ ”اوراق “ 1965ء میں شائع کرنا شروع کیا۔ جو 2003ء تک باقاعدگی سے شائع ہوتا رہا اور ان برسوں میں اس رسالے نے تو تین ادبی نسلوں کی آبیاری کی اوراق نے
مضامین نو کے انبار لگا دیے۔

  • صحافت

صحافتی مصروفیات کے علاوہ وزیرآغا کا اپنا ادبی سفر بھی جاری رہا۔ ان کے اب تک 10شعری مجموعے،انشائیوں کے چھ مجموعے اور 15تنقیدی مضامین کے مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی شعری تخلیقات کی کلیات ’چہک اٹھی لفظوں کی چھاگل‘ بھی چھپ چکی ہے۔

  • تحقیقی مقالے اور ان پر لکھی جانے والی کتابیں

بھارت میں ان کے فن پر بہار یونیورسٹی مظفر پور سے پروفیسر عبد الواسع کے زیر نگرانی تحقیقی مقالے ”وزیر آغا کا فن“ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری مل چکی ہے۔ دوسرا مقالہ بھاگلپور یونیورسٹی میں پروفیسر مناظر عاشق ہر گانوی کے زیر نگرانی وزیر آغا کی انشائیہ نگاری پر لکھا گیا اور تیسرا رانچی یونیورسٹی میں وہاب اشرفی کے زیر نگرانی وزیر آغا کی تنقید کے موضوع پر لکھا گیا جن پر پی ایچ ڈی ایوارڈ ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ جے پور یونیورسٹی میں وزیر آغا کی تنقید نگاری پر ایم فل اور پاکستان کی پنجاب یونیورسٹی میں ایم اے کا تحقیقی مقالہ لکھا گیا ہے۔ پاکستان میں وزیر آغا کے فن پر 14کتابیں شائع ہوئی ہیں۔

اردو کے عظیم دانشور اور شاعر وادیب ڈاکٹروزیر آغا۸؍ستمبر۲۰۱۰ء کو رات ایک بجے کے قریب اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔اناللہ و انا الیہ راجعونوزیرآغاکی عمر۸۸ برس تھی۔ان کی وفات سے محض الفاظ کی رسمی حد تک نہیں بلکہ حقیقت میں اردو دنیا ایک بہت بڑے تخلیق کار اور ایک بہت بڑے دانشورسے محروم ہو گئی ہے۔ڈاکٹر وزیر آغا۱۸ مئی ۱۹۲۲ء کو پیدا ہوئے تھے۔۱۹۴۳ء میں انہوں نے گورنمنٹ کالج سے معاشیات میں ایم اے کیا۔۱۹۵۶ء میں پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں پی ایچ ڈی کیا۔۱۹۶۰ء میں مولانا صلاح الدین احمد کے ادبی جریدہ ’’ادبی دنیا‘‘ کے جائنٹ ایڈیٹربنے اور مولانا کی وفات تک ادبی دنیا کے ساتھ منسلک رہے۔ان کی وفات کے بعد۱۹۶۵ء میں تاریخ ساز ادبی جریدہ اوراق کا اجرا کیا۔ڈاکٹر وزیر آغا کثیرالجہت شاعر و ادیب ہونے کے ساتھ مفکر دانشور بھی تھے۔اردو ادب میں میڈیاکر دانشوروں کی تو ہمیشہ بہتات رہی ہے لیکن علم و معرفت کے لحاظ سے ڈاکٹر وزیر آغا کے پائے کا مفکر دانشور اب دور دور تک دکھائی نہیں دیتا۔اردو انشائیہ کے بانی کی حیثیت سے انہوں نے ایک بڑا ادبی کام کیا۔ اردوانشائیہ کے خدو خال کو نمایاں کرنے میں بہت زیادہ محنت سے کام لیا اور اس نئی صنف کی شدید ترین بلکہ اخلاقی لحاظ سے بد ترین مخالفت کے باوجوداسے اردو میں رائج کر دکھایا ۔شاعری میں غزل اور نظم دونوں اصناف میں ان کا انتہائی گراں قدرحصہ ہے۔جدید نظم کے سلسلہ میں تو ان کا کام اتنا اہم ہے کہ ان کے مقام کا تعین کرنے کے لیے جدید نظم کے پورے سلسلے کا از سرنو مطالعہ کرنا پڑے گا۔ان کی دو طویل نظمیں’’آدھی صدی کے بعد‘‘ اور’’اک کتھا انوکھی‘‘اردو کی شاہکارجدید نظمیں ہیں۔وزیر آغا نے’’مسرت کی تلاش‘‘سے اپناعلمی و تنقیدی سفر شروع کیا۔طنزومزاح اور حقیقی مسرت کے فرق کی جستجو میں وہ تخلیقی اسرار اور خود کو جاننے کی لذت سے آشنا ہوئے۔کائنات کے اسرار و رموز کی جستجوانہیں بیک وقت سائنس ،فلسفہ اور الہٰیات کی دنیاؤں میں لیے لیے پھری۔انہوں نے مغربی علوم کا بھر پور مطالعہ کیا لیکن مشرقی علوم کے روبرو لا کر پھر اس مطالعہ سے اپنے نتائج خود اخذ کیے۔امتزاجی تنقیدکے اصول کو علمی سطح پر بھی اور عملی سطح پر رائج کیا۔مجموعی طور پر وزیر آغا نے ساٹھ سے زیادہ کتابیں تصنیف کی ہیں۔ان میں بعض ضخیم کتابیں بھی شامل ہیں۔ان کی مرتب کردہ یا تالیف و تدوین کردہ کتب کی الگ سے فہرست ہے۔ان کی تخلیقی کتابیں تو تمام کی تمام اپنی جگہ مطالعہ کا تقاضا کرتی ہیں جبکہ علمی و تنقیدی کتابوں میں سے ’’اردو شاعری کا مزاج‘‘،’’تخلیقی عمل‘‘،’’دستک اس دروازے پر‘‘ منفرد اور امتیازی حیثیت کی حامل ہیں۔ڈاکٹر وزیر آغاکی بعض کتب اور تخلیقات کے انگریزی ،ڈینش،یونانی،سویڈش،جرمن، ہسپانوی،مالٹیز، جاپانی،ہندی، بنگالی، مراٹھی، پنجابی، سرائیکی اور دوسری زبانوں میں تراجم ہو چکے ہیں۔وزیر آغا کے فن کی مختلف جہات پر تیرہ کے لگ بھگ رسائل کے مرتب کردہ خصوصی نمبرز یا کتابیں چھپ چکی ہیں۔انڈوپاک کی یونیورسٹیوں میں ان پرایم اے ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے ۱۰ سے زائد مقالات لکھے جا چکے ہیں۔اردو کی علمی و ادبی دنیا کے وہ تمام لوگ جو میڈیائی شہرت کے پیچھے بھاگنے سے زیادہ ادب کو معرفتِ ذات و کائنات کاایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں،ڈاکٹر وزیر آغا کی وفات پر سوگوار اور غم زدہ ہیں ۔


کہنے کو چند گام تھا یہ عرصۂ حیات
لیکن تمام عمر ہی چلنا پڑا مجھے

اب تو آرام کریں سوچتی آنکھیں میری
رات کا آخری تارا بھی ہی جانے والا

(وزیر آغا)

حیدر قریشی(جرمنی سے)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک نظم
  • سفر کا دوسرا مرحلہ:وزیر آغا

’’چلی کب ہوا، کب مٹا نقشِ پا
کب گری ریت کی وہ ردا
جس میں چھپتے ہوئے تونے مجھ سے کہا:
آگے بڑھ ، آگے بڑھتا ہی جا
مڑ کے تکنے کا اب فائدہ؟
کوئی چہرہ ، کوئی چاپ ، ماضی کی کوئی صدا، کچھ نہیں اب
اے گلّے کے تنہا محافظ!
 ترا اب محافظ خدا !‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  • کچھ مزید ،۔

ڈاکٹر وزیر آغا۔۔۔ اک دھوپ تھی جو ساتھ گئی آفتاب کے
تحریر: فضہ پروین


عالمی شہرت کے حامل مایہ ناز پاکستانی ادیب ،دانشور،نقاد ،محقق اور انشائیہ نگار ڈاکٹر وزیر آغا نے دائمی ترک رفاقت کی ۔اور زینہء ہستی سے اتر کر عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب رخت سفر باندھ لیا ۔ان کی وفات پر ہر دل سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے ۔وہ سراپا خلوص و مروت اور انسانی ہمدردی کا پیکر تھے ۔انسانیت کے وقار اور سر بلندی کو وہ دل و جان سے عزیز رکھتے اور بنیادی انسانی حقوق کے وہ بہت بڑے محافظ خیال کیے جاتے تھے ۔وہ سلطانیء جمہور کے زبردست حامی اور حریت فکر و عمل کے مجاہد تھے ۔اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے انھوں نے جو فعال اور تاریخی کردار ادا کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ۔تاریخ ہر دور میں ان کے نام کی تعظیم کرے گی ۔وطن اور اہل وطن سے والہانہ محبت کرنے والے اس ابد آشنا فاضل کی وفات پر دنیا بھر میں صف ماتم بچھ گئی 

برس گیا بہ خرابات آرزو تیرا غم
قدح قدح تیری یادیں سبو سبو تیرا غم

18 مئی 1922کو پنجاب پاکستان کے ایک ضلع سرگودھا کی گاؤں وزیر کوٹ سے طلوع ہونے والا آفتاب جس نے اکناف عالم کا گوشہ گوشہ منور کیا ۔ ستمبر 2010 کی شام کو غروب ہوگیا۔ ڈاکٹر وزیر آغاکی المناک وفات نے اردو تنقید کو مفلس اور قلاش کردیا ہے۔ وہ ایک کثیر الجہتی شخصیت تھے۔ ان کے متنوع اسلوب کا ایک عالم معتر ف تھا ۔انھوں نے اردو نثر ، اردو شاعری ، اردو انشائیہ ، سوانح نگاری ، تحقیق ، تنقید اور تاریخ میں وہ کارہائے نمایاں انجام دیئے کہ دنیا بھر میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ۔ڈاکٹر وزیر آغا ایک باکمال ادیب لازوال تخلیق کار ، بے مثال دانش رو ، نابغہ روزگار نقاد ، حریت فکر کے مجاہد اور عظیم انسان تھے ۔ انھوں نے اردو ادب کی ثروت میں جو بے پناہ اضافہ کیا ۔ وہ تاریخ ادب میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ڈاکٹر وزیر آغا نے اردو زبان وادب کے فروغ کے لیے تمام وسائل اور عمر عزیز وقف کررکھی تھی ۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں بھی وہ پرورش لوح و قلم کا فریضہ انجام دیتے رہے 

آلام روزگار کے مہیب بگولوں میں بھی انھوں نے حریت ضمیر سے جینے کے لیے اسوہء شبیر کو اپناتے ہوئے حریت فکر و عمل کا علم بلند رکھا ۔ڈاکٹر وزیرآغا کا تعلق فارسی بولنے والے ایرانی النسل قزلباش خاندان سے تھا۔ان کے والد کا آبائی پیشہ تجارت تھا اور وہ گھوڑوں کی تجارت سے روزی کماتے تھے جب پورا برصغیر برطانیہ کی نو آبادی تھا تو اس دوران میں ڈاکٹر وزیر آغا کے والد کو بر صغیر کے برطانوی حکمرانوں کی طرف سے 750 ایکڑ(3.0 Km2) پر مشتمل ایک جاگیر عطا کی گئی یہ جاگیر ضلع سرگودھا میں وزیر کوٹ قصبہ میں اب بھی ان کے ورثا کی تحویل میں ہے اور یہاں کھیتی باڑی کی جاتی ہے ۔ڈاکٹر وزیر آغا نے فارسی زبان اپنے والد سے سیکھی اور پنجابی ا ن کی مادری زبان تھی ۔جہاں تک انگریزی زبان کا تعلق ہے انھوں نے انگریزی زبان کی استعدا د اپنے انگریز ی بولنے والے احباب سے گہرے ربط اور تبادلہ خیال اور وسیع مطالعہ کے ذریعے حاصل کی۔انگریزی زبان و ادب پر انھیں کامل دسترس حاصل تھی ۔انھوں نے دریدا،رولاں بارتھ ،سوسیئر اور لاکاں کا عمیق مطالعہ کیا اور ان کے خیالات پر اپنے مدلل دلائل سے اردو تنقید کا دامن متنوع نظریات سے مالا مال کردیا۔

زمانہ طالب علمی ہی سے انھیں عالمی ادبیات اور شاعری سے گہری دلچسپی تھی ۔انھوں نے عالمی کلاسیک کا تفصیلی مطالعہ کیا اور ان کے خیالات سے بھر پور استفادہ کر کے اردو ادب کو دھنک رنگ مناظر سے مزین کر دیا۔پنجابی کلاسیکی شاعری سے انھیں گہری دلچسپی تھی ۔جھنگ میں قیام کے دوران میں انھیں حضرت سلطان باہو کی شاعری سے دلچسپی پیدا ہوئی۔انھوں نے ابیات باہو کا مطالعہ کیا اور سلطان باہو کے کئی بیت انھیں زبانی یاد تھے ۔یہ بیت سن کر تو وہ فرط عقیدت سے اشکبار ہو جاتے اور آنسو ضبط کر نا محال ہو جاتا۔ عتاڑی ما اڈا نہ سانوں اسیں آپے اڈن ہارے ہو

اپنے آبائی گاؤں سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر وزیر آغا نے تاریخی مادر علمی گورنمنٹ کالج جھنگ میں انٹرمیڈیٹ کلاس میں داخلہ لیا ۔وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ گورنمنٹ کالج جھنگ محض درسگاہ نہیں بلکہ یہ تو ایک درگاہ ہے جہاں قسمت نوع بشر تبدیل ہو جاتی ہے ۔یہاں حاضری دینے والے گوہر مراد پاتے ہیں اور یہاں ذرے کو آفتاب بننے کے بے شمار موا قع میسر ہیں۔جو اس ادارے کی عظمت کا معترف نہیں وہ آپ بے بہرہ ہے ۔گورنمنٹ کالج جھنگ میں ڈاکٹر وزیر آ غا کو نابغہء روزگار اساتذہ سے استفادہ کا موقع ملا۔ وہ جن اساتذہ کا نام بڑی عزت و احترام سے لیتے تھے ان میں رانا عبدالحمید خان،سی ۔ایم صادق،ایم۔اے خان ،غلام رسول شوق اور ڈاکٹر نذیر احمد کے نام قابل ذکر ہیں ۔یہ وہ آفتاب و ماہتاب ہیں جن کے افکار کی ضیا پاشیوں نے اذہان کی تطہیر و تنویر کا نہایت موئثر اہتمام کیا ۔گورنمنٹ کالج جھنگ میں ڈاکٹر وزیر آغا کے ہم جماعت پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام (نوبل انعام یافتہ پاکستانی سائنس دان)بھی تھے ۔سردار باقر علی خان بھی ان کے ہم جماعت تھے ۔ سردار باقر علی خان بعد میں انڈین سول سروس کے امتحان میں اول آئے اور ملتان کے کمشنر مقرر ہوئے۔ان کی یادوں کا مسودہ’’ قصہ ایک درویش کا ‘‘ ان کے آبائی گھر واقع ٹھٹھی لنگر تحصیل جھنگ موجود ہے اس میں انھوں نے اپنے زمانہ ء طالب علمی کی تمام یادیں قلم بند کی ہیں۔

گورنمنٹ کالج جھنگ کے علمی ادبی ماحول نے ڈاکٹر وزیر آغا کے ادبی ذوق کو صیقل کیا اور وہ اس کالج کے علمی و ادبی مجلے چناب کے مدیر متعلم منتخب ہو گئے ۔یہ انتخاب مقابل مضمون نویسی میں اول آنے کی بدولت وہ جیتے ۔اس سے ان کی خدا داد ذہانت اور تخلیقی استعداد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ڈاکٹر وزیر آغا کی ادارت میں ’’چناب‘‘ نے یاد گار اشاعتوں کا اہتمام کیا ۔گورنمنٹ کالج جھنگ میں ڈاکٹر وزیر آغا نے ادبی نشستوں کا اہتمام کیا ۔شام کو منعقد ہونے والی ان ادبی نشستوں میں اس وقت کے ممتاز ادیبوں کو مدعو کیا جاتا تھا۔ان میں سید جعفر طاہر ،مجید امجد ،شیر افضل جعفری ،کبیر انور جعفری ،صاحبزادہ رفعت سلطان،سید مظفر علی ظفر، خادم مگھیانوی ،الحاج سید غلام بھیک نیرنگ ،غلام محمد رنگین ، امیر اختر بھٹی ،بلال زبیری ،تقی الدین انجم علیگ اور صدیق لالی کے نام قابل ذکر ہیں۔جھنگ کی ادبی تاریخ میں یہ محافل ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ ڈاکٹر وزیر آغا ان ادبی محفلوں کی روح رواں تھے ۔زمانہ لاکھ ترقی کرے ایسی ہستیاں اب دنیا میں کہاں

سب کہا ں کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہو گئیں
خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں

گورنمنٹ کالج جھنگ سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر وزیر آغا گورنمنٹ کالج لاہور پہنچے اور معاشیات میں ایم ۔ اے کی ڈگری حاصل کی ۔1953 میں ان کی کتاب ’’ مسرت کی تلاش میں ‘‘ منظر عام پر آئی ۔1956 میں انھوں نے ’’ اردو ادب میں طنز و مزاح ‘‘ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ لکھ کر پی ایچ۔ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔1960میں ان کی ادبی زندگی کا درخشاں دور شروع ہوا جب وہ مولانا صلاح الدین احمد کے رجحان ساز ادبی مجلے ’’ادبی دنیا ‘‘کے مدیر معاون مقرر ہوئے۔وہ مسلسل تین سال تک اس ممتاز ادبی مجلے کے ساتھ وابستہ رہے اور مولانا صلاح الدین احمد سے اکتساب فیض کیا۔1965میں ڈاکٹر وزیر آغا نے اپنا الگ ادبی مجلہ ’’اوراق ‘‘ شائع کیا۔اوراق کی اشاعت سے ان کی تخلیقی ،تنقیدی اور تجزیاتی آرا کھل کر سامنے آتی چلی گئیں ۔اس ادبی مجلے کو عالمی سطح پر خوب پذیرا ئی نصیب ہوئی۔اس ادبی مجلے نے مسلسل چار عشرو ں تک فروغ علم و ادب کے سلسلے میں جو گراں قدر خدمات خدمات انجام دیں ان کا پوری دنیا میں اعتراف کیا گیا ۔ڈاکٹر وزیر آغا کی وفا ت سے چند برس قبل اس مجلے کی اشاعت تعطل کا شکار ہو گئی۔ڈاکٹر وزیر آغا کی علالت کے باعث ’’اوراق‘‘ عارضی تعطل کا شکار ہوا مگر اب ان کی وفات کے بعد یہ روشن ستارہ بھی گہنا گیا ہے اب ’’ اوراق‘‘ تاریخ کے ان طوماروں میں دب گیا ہے جہاں پہلے سے افکار ،فنون،ادبی دنیااور تہذیب الاخلاق پہلے سے موجود ہیں ۔ایسے مجلات جن کی ضیا پاشیوں سے سفاک ظلمتوں کو کافور کرنے میں مدد ملی اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں ۔وہ آفتاب و ماہتاب جو افق علم و ادب پر نصف صدی سے زائد عرصے تک اپنی تابانیاں بکھیرتے رہے اب گہنا چکے ہیں ۔ایسے دانائے راز اب کہاں 

؂ڈھونڈو گے ہمیں ملکوں ملکوں ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
تعبیر ہے جس کی حسرت و غم اے ہم نفسو وہ خواب ہیں ہم

ڈاکٹر وزیر آغا کی ابتدائی نظمیں1948 میں جب مولانا صلاح الدین کے ادبی مجلے ’’ ادبی دنیا ‘‘ میں شائع ہوئیں تو ممتاز ادیبوں نے انھیں بہت سراہا اور ان کے کلام کو بہت پزیرائی حاصل ہوئی ۔ یہ وہ دور تھا جب وہ گورنمنٹ کالج جھنگ میں زیرتعلیم تھے ۔ڈاکٹر وزیر آغا نے اردو تنقید اور تحقیق کو مقاصد کی رفعت میں ہمدوش ثریا کر دیا ۔پنجاب یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام شائع ہو نے والی کتاب ’’ تاریخ ادبیات مسلمانان پاکستان و ہند میں ان کے اہم تحقیقی مقالات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔اردو دائرۃالمعارف میں ان کی شمولیت سے اس گرا ں قدر تصنیف کی ثقاہت کا ایک عالم معترف ہو گیا ۔ان کے والد وسعت علی خان نے جب انھیں گورنمنٹ ہائی سکول لالیاں تحصیل چنیوٹ ضلع جھنگ (پنجاب پاکستان) میں ابتدائی کلاسز میں داخل کرایا تو اس وقت سے جھنگ شہر سدا رنگ کی علمی و ادبی روایات سے وابستہ ہو گئے ۔میاں صدیق لالی سے ان کی شناسائی اس عرصے میں ہوئی۔ اس سے یہ حقیقت روز روشن کی طر ح واضح ہوجاتی ہے کہ ڈاکٹر وزیر آغا کی ادبی تربیت میں جھنگ کی ممتاز ادبی شخصیات کا نمایاں حصہ ہے ۔ڈاکٹر وزیر آغا کی ساٹھ کے قریب وقیع تصانیف ہیں ۔انھوں نے تما م عمر علم و ادب کو اپنا ا و ڑ ھنا بچھونا بنائے رکھا ۔اپنے آبائی پیشہ زراعت کے علاوہ باقی وقت کتابیں ان کا چمن ہوتی تھیں۔ڈاکٹر وزیرآغا کی تصانیف کو علمی ادبی حلقوں میں جو شرف قبولیت نصیب ہوا وہ تاریخ ادب کا ایک درخشاں باب ہے ۔ ان کی تصانیف درج ذیل ہیں:

۱۔ اردو ادب میں طنز و مزاح 1958
۲۔ تخلیقی عمل 1970
۳۔ اردو شاعری کا مزاج 1965
۴۔ تصورات عشق و خرد اقبال کی نظر میں 1977
۵۔ مجید امجد کی داستان محبت 1991
۶۔ غالب کا ذوق تماشا 1997
۷۔ نظم جدید کی کروٹیں 1963
۸۔تنقید اور احتساب 1968
۹۔ نئے مقالات 1972
۱۰۔ نئے تناظر 1979
۱۱۔ معنی اور تناظر 1998
۱۲۔ تنقید اور مجلسی تنقید 1975
۱۳۔ دائرے اور لکیریں 1986
۱۴۔ تنقید اور جدید اردو تنقید 1989
۱۵۔ انشائیے کے خدوخال 1990
۱۶۔ ساختیات اور سائنس 1991
۱۷۔ دستک اس دروازے پر 1994
۱۸۔ امتزاجی تنقید اور سائنس فکری تناظر 2006
۱۹۔ شام کی منڈیر سے (خود نوشت)

۲۰۔شام اور سائے (شاعری)
۲۱۔دن کا زرد پہاڑ (شاعری)
۲۲۔نروان (غزلیں)
۲۴۔آدھی صدی کے بعد (شاعری)
۲۵۔خیال پارے (انشائیے)
۲۶۔چوری سے یاری تک (انشائیے)
۲۷۔دوسرا کنارہ (انشائیے)
۲۸۔شام دوستاں آباد (خاکے)

۲۸۔شام دوستاں آباد (خاکے)ڈاکٹر وزیر آغا نےآزادی اظہار کو انسانی آزادی سے تعبیر کرتے تمام عمر عجز و انکسار ،استغنا ،قناعت اور استقامت کا ارفع ترین معیار قائم رکھا۔ان کی تخلیقی فعالیت اس حقیقت کی مظہر ہے کہ دل کی آزادی ہی ان کے لیے شہنشاہی کا درجہ رکھتی تھی ۔وہ در قیصر و کسریٰ کو کھنڈر سمجھتے تھے اور انھوں نے کبھی کسی فرعون ،نمرود ،ہلاکو خان یا آسو بلا خان کے جعلی جاہ و جلال اور کروفر کو لائق اعتنا نہ سمجھا۔ان کی شاعری میں صبر و استقامت کی درخشاں مثالیں ہر دور میں دلوں کو ایک ولولہء تازہ عطا کرتی رہیں گی۔زندگی اور اس کے اسرارو رموز کی گرہ کشائی کرنا کس کے بس میں ہے ۔خالق کائنات نے انسان کو اس وسیع و عریض دنیا مین بھیج کر سعیء پیہم کے لیے ایک میدان عمل کا تعین کر دیا ہے ۔فرصت زندگی اگرچہ بہت کم ہے مگر جو دم بھی میسر ہے وہی مغتنم خیال کرنا چاہیے ۔ڈاکٹر وزیر آغا نے لکھا ہے

کہنے کو چند گام تھا یہ عرصہء حیات
لیکن تمام عمر ہی چلنا پڑا مجھے

قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں ہوس زر نے انسانیت کو ناقابل اندمال صدمات سے دو چار کر دیا ہے ۔بے حسی کا عفریت چاروں جانب منڈلا رہا ہے ۔ڈاکٹر وزیرآغا کی شاعری میں خلوص اور دردمندی،قوی مشاہدہ ،آفاقی اور کائناتی انداز فکر ،متنوع تجربات اور دلدوز مشاہدات کے جو کرشمے موجود ہیں وہی ہمیں میرا جی ،مجید امجد اور فیض احمد فیض کے ہاں بھی ملتے ہیں۔ انھوں نے ان شعرا کے کالم کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد ان سے یقیناًاثرات قبول کیے ہیں ۔ڈاکٹر وزیر آغا کی شاعری میں دروں بینی کی جو کیفیت ہے وہ تخلیق کے لا شعوری محرکات کی غماز ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صریر خامہ نے نوائے سروش کی صورت اختیار کر لی ہے اور یہ کلام دلوں کو مرکز مہر و وفا کرنے کا مؤثر وسیلہ بن جاتا ہے۔

جبین سنگ پہ لکھا مرا فسانہ گیا
میں رہگزر تھا مجھے روند کے زمانہ گیا
اب تو آرام کریں سوچتی آنکھیں میری
رات کا آخری تارا بھی ہے جانے والا

ڈاکٹر وزیرآغا کی نظم نگاری سے اردو نظم کی ثروت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ان کی بات دل سے نکلتی اور سیدھی دل میں اتر جاتی ہے۔ قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی کے معجز نما اثر سے وہ اپنی شاعری کو کمال خلوص اور دردمندی سے پیش کرتے ہیں ۔ان کا اسلوب ان کی ذات ہے ۔یہ اسلوب اس قدر منفرد اور دلکش ہے کہ شاعری در اصل ساحری کے روپ میں جلوہ گر ہوتی ہے اور قاری اس کے ہمہ گیر اثرات کی بدولت مسحور ہو جاتا ہے۔تاثیر اور وجدان کی یہ کیفیت ان کی شاعری کا امتیازی وصف ہے ؂

ٹین کی چھت پر اپنے اجلے پر پھیلا تھا
آنے والی سرخ رتوں کے بھاگوں میں جب کھو جائے گا
سب آوازیں تھم جائیں گی
پلکیں تھک کر سو جائیں گی
گئے دنوں کا نام منوں مٹی کے نیچے دب جائے گا
سب آوازیں تھم جائیں گی
پلکیں تھک کر سو جائیں گی
گئے دنوں کا نام منوں مٹی کے نیچے دب جائے گااگلا ساون کب آئے گا؟

یہ وہ سوال ہے جس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔ ہماری آنکھیں یاد رفتگاں میں ساون کے بادلوں کی طرح برستی رہیں گی ، ہم قلزم خوں پار کر جائیں گے ،ہم زینہء ہستی سے اتر جائیں گے مگر جنھیں ہم دیکھ کر جیتے تھے ان کے ہمراہ اگلا ساون دیکھنا کبھی نصیب نہ ہو گا۔اجل کے ہاتھوں جو گھاؤ لگتے ہیں وہ درد لا دوا دے جاتے ہیں ۔ ڈاکٹر وزیر آغا نے علامت کو ایک ایسے نفسیاتی کل کا روپ عطا کر دیا ہے جو قاری کو اپنی گرفت میں لے کر خواب غفلت سے جگانے کی صلاحیت سے متمتع ہے ۔چاند چہرے شب فرقت پہ وار کے آفتاب و ماہتاب لحد میں اتار کے دامن جھاڑ کے ہم بے بسی کے عالم میں اپنے سونے آنگن میں حسرت و یاس کی تصویر بنے بیٹھے ہوتے ہیں مگر اگلا ساون اب کبھی نہیں آئے گا۔

ڈاکٹر وزیر آغا نے اردو نظم کو نئے امکانات سے آشنا کیا۔ان کی نظمیں ان کے وسیع مطالعہ اور آفاقی انداز فکر کی آئینہ دار ہیں مثال کے طور پر ان کی نظم ’’ آدھی صدی کے بعد ‘‘سیل زماں کے

تھپیڑوں کا حقیقی احوال بیان کرتی ہے جن کی زد مین آکر نظام کہنہ اور تخت و کلاہ و تاج کے سب سلسلے خس و خاشاک کے مانند بہہ جاتے ہیں۔اسی طرح اپنی نظم ’’ ایک کتھا انوکھی ‘‘میں انھوں نے زندگی کی حقیقی معنویت کے بارے میں نہایت خلوص اور دردمندی سے مثبت شعور اور آگہی پروان چڑھانے کی مستحسن سعی کی ہے ۔ ڈاکٹر وزیر آغا نے آزاد نظم اور نثری نظم میں بھی خوب طبع آزمائی کی اور زبان و بیان اور اسلوب پر اپنی خلاقانہ دسترس کا لوہا منوایا۔ان کی نظم ’’دن ڈھل چکا تھا ‘‘غزل کی ہیئت میں لکھی گئی ہے یہ نظم اسلوب اور ڈسکورس کے اعتبار سے اپنی مثا ل آپ ہے ۔

دن ڈھل چکاتھا اور پرندہ سفر میں تھا
سارا بدن لہو کا رواں مشت پر میں تھا

جاتے کہاں کہ رات کی باہیں تھیں مشتعل
چھپتے کہاں کہ سارا جہاں اپنے گھر میں تھا

حد افق پہ شام تھی خیمے میں منتظر
آنسو کا اک پہاڑ سا حائل نظر میں تھا

لو وہ بھی خشک ریت کے ٹیلے میں ڈھل گیا
کل تک جو ایک کوہ گراں رہگزر میں تھا

پاگل سی اک صدا کسی اجڑے مکاں میں تھی
کھڑکی میں اک چراغ بھری دوپہر میں تھا

اس کا بدن تھا خون کی حدت میں شعلہ پوش
سورج کا اک گلاب سا طشت سحر میں تھا

اکادمی ادبیات پاکستان نے مشاہیر ادب پر کتابوں کی اشاعت کا جوسلسلہ شروع کر رکھا ہے اس کے تحت ڈاکٹر وزیر آغا کی شخصیت ،اسلوب اور علمی و ادبی خدمات پر ایک جامع کتاب شائع ہو چکی ہے ۔اس کتاب مین مصنف نے اس یگانہء روزگار دانشور کو خراج تحسین پیش کر کے پاکستانی ادبیات کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ڈاکٹر وزیر آغا نے فروغ علم و ادب کے لیے جو گراں قدر خدمات انجام دیں ان کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انھیں 1995 میں اکادمی ادبیات پاکستان کا تا حیات رکن مقر کیا ۔پاکستان میں ادیبوں کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے ڈاکٹر وزیر آغا نے تجویز کیے ۔اس وقت پاکستان کے تمام ادیبوں کی انشورنش کی جس سکیم پر عمل جاری ہے ڈاکٹر وزیر آغا کا شمار اس کے بنیاد گزاروں میں ہوتا ہے۔7ستمبر2010 کی شام جب ڈاکٹر وزیر آغا نے لاہور میں داعی اجل کو لبیک کہا تو ان کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤ ں وزیر کوٹ لایا گیا،جہاں انھیں ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔اس کے ساتھ ہی پاکستان میں اردو ادب کا ایک درخشاں باب اختتام کو پہنچا۔

؂مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کیے***

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔